imrankhanmedicalreport

عمران خان کی دائیں آنکھ متاثر، پمز اسپتال کی تازہ میڈیکل رپورٹ اہل خانہ کو موصول

اسلام آباد:(روزنامہ جرأت)پمز اسپتال اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی آنکھ کے معائنے کی تازہ میڈیکل رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی تشخیص کی ہے جبکہ ذرائع کے مطابق ان کے اہل خانہ کو رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کی جانب سے جاری بانی پی ٹی آئی کی طبی رپورٹ میں بتایا گیا کہ 74 سالہ عمران خان نے دائیں آنکھ میں نظر کی کمی کی شکایت کی اور پمز اسلام آباد کے سینئر اور مستند ماہر امراض چشم نے اڈیالہ جیل میں آنکھوں کا مکمل معائنہ کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معائنے میں سلٹ لیمپ معائنہ، فنڈوسکوپی، آنکھ کے اندرونی دباؤ کی پیمائش، ضروری لیبارٹری ٹیسٹس اور ریٹینا کا آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی شامل تھا اور ابتدائی معائنے کی بنیاد پر دائیں آنکھ میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی گئی اور اسپتال میں فالو اَپ علاج تجویز کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تجویز کردہ طریقۂ علاج کے لیے پمز منتقل کیا گیا، اسپتال میں عمران خان کو دوا کے انجیکشن کے بارے میں مکمل طور پر آگاہ کیا گیا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ علاج سے قبل مریض سے رضامندی لی گئی اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی دائیں آنکھ کا کامیاب طبی علاج کیا گیا۔
پمز کی انتظامیہ نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے تفصیلی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کو بھجوا دی۔انتظامیہ کے مطابق عمران خان کی مجموعی صحت تسلی بخش ہے تاہم پمز اسلام آباد کے ماہرین کے تفصیلی معائنے میں عمران خان کی دائیں آنکھ میں بینائی متاثر ہونے کی تشخیص کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق طبی معائنے کے بعد عمران خان میں رائٹ سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمران خان کو علاج کے لیے رات گئے پمز منتقل کیا گیا، پمز میں عمران خان کو اینٹی وی جی ای ایف انٹرا ویٹریل انجیکشن دے کر علاج معیاری پروٹوکول کے تحت آپریشن تھیٹر میں انجام دیا گیا اور طبی عمل تقریباً 20 منٹ میں کامیابی سے مکمل ہوا اور حالت مستحکم رہی ہے۔
پمز کی رپورٹ کے مطابق عمران خان کو علاج کے بعد فالو اپ ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ طبی رپورٹ عمران خان کے اہل خانہ کو موصول ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں