maryamnawaz

وزیراعلیٰ پنجاب کا کل بسنت کی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان

(روزنامہ جرأت)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے باعث وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کل بسنت کی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ لبرٹی اسکوائر پر میگا بسنت شو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ضروری ہے کہ قوم خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہے۔مریم نواز نے کہا کہ خوارج پر کوئی رحم نہیں ہوگا اور پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔خیال رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی کی مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعے کی نماز کے دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 30 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہوچکی ہے، خود کش بمبار نے افغانستان سے دہشتگرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی اور متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا ہے۔
حکومتی ذرائع نے بتایاکہ افغانستان میں موجود مختلف دہشتگرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطےکی سلامتی کےلیےخطرہ ہیں، پاکستان میں ہر دہشتگردانہ کارروائی کے پس پشت افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں