لاہور:(روزنامہ جرأت) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ اب ملک میں یہ جو دہشتگردی واپس آئی ہے اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ان کا نظریہ صرف دہشت پھیلانا ہے، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مراکز کی حفاظت کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ خودکش حملہ آور افغانستان گیا تھا، ہم ہر حال میں دہشت گردوں کا تعاقب کریں گے، دہشت گردوں کے لیے کوئی گنجائش نہیں، ان کا خاتمہ کر کے ہی دم لیں گے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ دہشتگرد سافٹ ٹارگٹ تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، جو ہینڈلر اس میں ملوث تھے ان کا تعین کر لیا گیا ہے، انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا، خودکش دہشت گرد کی شناخت ہو چکی، اسی سے متعلق تحقیقات آگے بڑھائیں گے۔ عطاتارڑ کا مزید کہنا تھا کہ خود کش دھماکے ختم ہوگئے تھے، پھر ایک حکومت آئی،کسی نے کہا تھا یہ پرامن لوگ ہمارے بھائی ہیں، ان سے بات چیت کرنی چاہیے، طالبان خان کی سوچ کا خمیازہ آج پاکستانی شہری بھگت رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ان دہشت گردوں کو اس علاقے سے نکال کر دہشتگردی کا خاتمہ کیا تھا، اب یہ جو دہشتگردی واپس آئی ہے اس کے پیچھے پی ٹی آئی ہے۔




