(روزنامہ جرأت)بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے لیے مذاکرات کے نتیجے کو بڑی کامیابی قرار دے دیا۔آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے خاتمے پر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجیو شکلا نے کہا کہ آئی سی سی کے نمائندوں کے مذاکرات کے نتیجے سے خوش ہوں کہ کرکٹ کی اہمیت کو ترجیح دی گئی، باہمی رضامندی سے فیصلہ ہوا جو کہ اچھی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کو آئی سی سی کےچیئرمین نے سپروائز کیا ، آئی سی سی کے نمائندے پی سی بی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ سے بات چیت کے لیے لاہور گئے اور مسئلہ حل ہوا۔
بی سی سی آئی نائب صدر کا کہنا تھا کہ مسئلے کے حل کے لیے آئی سی سی نے اقدامات کیے،کرکٹ پھر سامنے آئی جہاں تک آئی سی سی کا تعلق ہے یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔راجیو شکلا نے مزید کہا کہ آئی سی سی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کو مذاکرات کی میز پر لائی اور اب 15 فروری کو میچ کا انعقاد ہونا ایک اچھی خبر ہے، کہ پاکستان کھیلے گا اور یہ ورلڈکپ کامیابی کی مثال بنے گا، یہ سب کے لیے ون ون پوزیشن ہے، میچ ہو گا اور ورلڈکپ ایک کامیاب ایونٹ ہو گا۔بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ایونٹ سے باہر ہونے والی بنگلا دیشی ٹیم کے بارے میں راجیو شکلا نے کہا کہ بنگلا دیش کے لیے بھی اچھا ہے کہ مذاکرات میں ان کے بورڈ کو بھی ریلیف دیا گیا ہے، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ بھی خوش ہے، انہوں نے آئی سی سی کی تعریف کی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو 15 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی اجازت سے دے دی ہے۔




