bannucheckpost

بنوں:پولیس کی بروقت کارروائی،فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام

بنوں:(روزنامہ جرأت) فتنہ الخوارج کی جانب سے پولیس پوسٹ فتح خیل پر بزدلانہ حملے کی کوشش پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث ناکام بنا دی گئی، جبکہ حملہ آور پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔تھانہ منڈان کی حدود میں فتنہ الخوارج سے وابستہ شرپسند عناصر نے پولیس پوسٹ فتح خیل پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔دونوں جانب سے فائرنگ کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی کے دوران حملہ آوروں کی جانب سے استعمال کی جانے والی پوزیشنز کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جن میں قریبی مارکیٹ کی چھت اور ایک نجی اسکول کی عمارت شامل تھیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی،ایس پی رورل،ایس پی ہیڈکوارٹر ،ایس ڈی پی او رورل ٹو،ایس ڈی پی او سٹی،ایس ایچ او منڈان اور پولیس لائن سے تازہ دم نفری، اے پی سیز فوری طور پر پولیس پوسٹ پہنچ گئیں۔ بروقت، منظم اور پیشہ ورانہ کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد عناصر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس پوسٹ فتح خیل پر تعینات تمام اہلکار مکمل طور پر محفوظ ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں