کوئٹہ: چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہمیں بتایا جا رہا ہے 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے والے چوتھی مرتبہ اقتدار میں آکر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔
کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کررہے میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں الیکشنز کیسے ہوتے ہیں میں یہ جانتا ہوں اور یہ بھی جانتا ہوں کہ پاکستان کے عوام جب جاگ جاتے ہیں اور فیصلہ کرلیتے ہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ان کا راستہ نہیں رو سکتی۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ 8 فروری کو الیکشن ہونے جارہے ہیں۔ ہمیں بتایا جا رہا ہے جو 3 دفعہ وزیراعظم بنے وہ چوتھی بار وزیراعظم بن کر ملک کو مشکلات سے نکالیں گے ۔ دوسری طرف بتایا جا رہا ہےکہ چند سال قبل جس شخص نے وزیراعظم ہوتے ہوئے لاپتا افراد کے مسئلے کو نظر انداز کیا 70 سالہ نوجوانوں کا لیڈر یہی ملک کے اور عوام کے آپشنز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرا یہ اعتراض نہیں کہ یہ بزرگ بن چکے ہیں عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ آپ بزرگ ہو کر ایک نئی سیاست اور ایک نئی سمت اس ملک کو دے سکتے ہیں اور آپ نوجوان ہو کر بھی پرانی سیاست سے دلچپسی رکھ سکتے ہیں۔
چئیرمین پی پی پی نے کہا کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے عوام کا فیصلہ لے لیا ہے مگر میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ ان سب کو 8 فروری کو سرپرائز دیں۔ بڑی تعداد میں نکلیں اور اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ ملک کی قسمت ان 2 افراد کے حوالے نہ کریں جن کی پرانی طرز سیاست نفرت کی سیاست ، تقسیم کی سیاست مسائل کو نظر انداز کی سیاست اور وہ سیاست جس نے میرا اور آپ کا خون سستا کردیا ہے ان کو پھر سے موقع نہ دیں۔