پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ ایک طرف باپ بیٹی اور دوسری طرف باپ بیٹا کی کہانی سے نکلیں۔
پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ 8 فروری موروثی سیاست کے لیے یوم نجات ہوگا، 25 کروڑ عوام ووٹ دیکر پانچ سال تک روتے رہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی دہشت گردوں کی وجہ سے عدالتوں میں انصاف نہیں مل رہا جبکہ معاشی دہشت گردوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ ہے، پانچ ہزار ارب سالانہ کرپشن ہو رہی ہے جس میں کرپٹ اشرافیہ ملوث ہے۔
سراج الحق نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کسی ایکسٹینشن کی حامی نہیں تھی۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ مہنگے معاہدے ملک کو ڈبو رہے ہیں، ایٹمی طاقت کے باوجود سیکیورٹی حالات بہتر نہیں، خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کی وجہ لوگ جنازے اٹھا اٹھا کر تھک گئے۔
انہوں نے کہا کہ تین بڑی سیاسی پارٹیوں نے ملک کا حلیہ بگاڑ دیا اور پی ڈی ایم کی حکومت فارغ ہوگئی، امریکی صدر جس وائٹ ہاؤس میں رہتا ہے پشاور کا گورنر اس سے بڑے گھر میں رہتا ہے، امریکا کا سابق صدر باراک اوبامہ آج یونیورسٹی میں لیکچر دے رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ 58 دن گزر گئے غزہ میں جارحیت جاری ہے، حکمران آج بھی امریکا سے ڈر رہے ہیں۔