بوسٹن: امریکا میں ایک لائبریری کو 47 سال سے زائد عرصے بعد وِنائل ریکارڈ واپس لوٹا دیا گیا۔ ریکارڈ کو 27 اکتوبر 1978 کو لوٹایا جانا تھا۔
امریکی ریاست میساچوسیٹس کے شہر بوسٹن میں قائم جمائکا پلین برانچ آف دی بوسٹن پبلک لائبریری کے مطابق لائبریری کی انتظامیہ ریٹرن بِن (ایک ایسی ٹوکری جس میں چیزیں واپس لوٹائی جاتی ہیں) خالی کر رہی تھی جس میں انہیں میوزک بینڈ جونیئر واکر اینڈ دی آل اسٹارز کی البم اینتھالوجی کا وِنائل ریکارڈ ملا۔
البم کوور میں ایگلسٹن اسکوائر برانچ لائبریری کا ایک پنچ کارڈ لگا تھا جہاں کے کلیکشن کا یہ ریکارڈ حقیقی حصہ تھا۔
لائبریری کے مطابق یہ ریکارڈ لائبریری کے سسٹم میں موجود نہیں ہے، کیوں کہ بوسٹن پبلک لائبریری کی کوئی بھی شاخ اب وِنائل ریکارڈ نہیں رکھتی۔
لائبریری کے مہتممین کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتے ہیں یہ البم کس نے نکلوائی تھی یا کس نے واپس کی ہے۔ لیکن تاخیر سے واپس کیے جانے پر کوئی جرمانہ عائد نہیں کیا جاتا۔