اسلام آباد: لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی جاری ٹریننگ کو روک دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلہ کر دیا جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کی تربیت روک دی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات ایگزیکٹیو سے کروانے کے نوٹی فکیشن کو معطل کر دیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر پنجاب میں انتخابات ایگزیکٹیو سے کروانے کے خلاف دائر درخواستوں پر جسٹس باقر نجفی نے پانچ صفحات پر مشتمل محفوظ تحریری فیصلہ جاری کیا۔
فیصلے میں جسٹس باقر نجفی نے عام انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا اور درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کی۔ اسی کے ساتھ جسٹس علی باقر نجفی نے فائل چیف جسٹس کو ارسال کی۔
لاہور ہائیکورٹ کے تحریری حکم نامے میں واضح لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بیورورکریسی سے خدمات لینے کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے۔