اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی ہدایت پر انتخابی شیڈول جاری کردیا۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں اراکین نے عدالتی فیصلے کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔
بعد ازاں اراکین نے انتخابی شیڈول 2024 کی منظوری دی جسے الیکشن کمیشن نے جاری کردیا۔
مزید پڑھیں: لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل، سپریم کورٹ کا انتخابی شیڈول آج ہی جاری کرنے کا حکم
شیڈول کے مطابق امیدوار 20 سے 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کرواسکتے ہیں جس کے بعد امیدواروں کی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ شیڈول کے مطابق 24سے30 دسمبر تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق 12 جنوری 2024 کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی جبکہ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کیے جائیں گے، کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت تین جنوری تک ہوگی، ایپلٹ ٹربیونل دس جنوری تک اپیلیں نمٹائیں گے۔