کراچی: شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ زرنش خان نے خواجہ سرا کمیونٹی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ‘سندھ مورت مارچ’ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ ماہ شہرِ قائد میں خواجہ سراؤں کے عالمی دن کے موقع پر سندھ مورت مارچ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں خواجہ سراوْں نے شرکت کی تھی۔
اس مارچ میں ذوالفقار بھٹو جونیئر، خواجہ سرا رہنما بندیا رانا اور رہنما پیپلز پارٹی شہلا رضا سمیت سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔
‘سندھ مورت مارچ’ میں خواجہ سراؤں نے اپنے حقوق کے لیے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس مارچ میں موسیقی اور رقص کا مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔
اب سوشل میڈیا پر ‘سندھ مورت مارچ’ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں بولڈ لباس میں موجود گلوکارہ کو اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی خواجہ سرا رقص بھی کررہے ہیں۔
اس ویڈیو پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے غصے سے بھرے تبصرے کیے تو وہیں شوبز اںڈسٹری کی معروف اداکارہ زرنش خان نے بھی ‘سندھ مورت مارچ’ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
زرنش خان نے کہا کہ “اس ملک میں مزید تباہی کی کیا ضرورت تھی؟، اب یہاں کھلم کھلا بے غیرتی ہورہی ہے”۔
ذرائع کے مطابق سندھ مورت مارچ سندھ بھر میں مقیم خواجہ سرا افراد کے حقوق کے تحفظ کے کام کرنے والی مقامی تحریک کی جانب سے منعقد کیا گیا تھا جس کا مقصد خواجہ سراؤں کے عالمی دن پر اس کو درپیش مسائل بیان کرنا تھا۔
خواجہ سرا افراد کے حقوق کے لیے سندھ میں ہونے والا اپنی نویت کا یہ پہلا مارچ تھا جس میں سندھ بھر سے بڑی تعداد میں افراد نے کراچی کا رُخ کیا تھا۔