نئی دہلی: بھارت نے کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں نمایاں کردار ادا کرنے والے مرحوم رہنما سید علی گیلانی کی جماعت تحریک حریت جموں وکشمیرکوغیرقانونی قرار دے دیا۔
مودی سرکار کے مسلمان اور کشمیر دشمن وزیرداخلہ امیت شاہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ” ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان میں سید علی گیلانی مرحوم کی جماعت تحریک جموں و کشمیر پرممنوعہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور مقبوضہ کشمیر میں اسلامی قوانین نافذ کرنے کا الزام عائد کیا۔
بھارتی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تحریک جموں و کشمیر کو غیر قانونی سرگرمیوں کے ایکٹ یو اے پی اے کے تحت غیرقانونی قرار دیا گیا ہے۔
سید علی گیلانی نے اپنی ساری عمر بھارتی کے غاصبانہ قبضے سے کشمیر کو آزاد کروانے کی جدوجہد میں گزاری۔ انہوں نے بھارتی اہلکاروں کے تشدد کا سامنا کیا اور طویل عرصہ نظربندی میں گزارا۔ سید علی گیلانی کا انتقال 92 سال کی عمر میں 2021 میں سرینگر میں ہوا۔
تحریک حریت جموں و کشمیر کی قیادت سید علی گیلانی مرحوم کے بعد مسرت عالم بھٹ کے ہاتھوں میں ہے۔ مسرت عالم بھٹ بھی اس وقت جیل میں ہیں اور 27 دسمبر کو مسرت عالم کی جماعت مسلم لیگ آف جموں کشمیر کو بھی کالعدم جماعت قررا دے دیا گیا تھا۔