کراچی: آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کے ساتھ ون ڈے کیریئر کا باب بھی بند کردیا۔
آسٹریلوی اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر بدھ سے پاکستان کے خلاف سڈنی میں اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ کھیلیں گے۔ انھوں نے کئی ماہ قبل ہی اس سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے کا اعلان کردیا تھا، اب ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ لے لی۔
گزشتہ روز اہلیہ اور بچوں کی موجودگی میں ایس سی جی پر ہی میڈیا سے بات چیت میں وارنر نے کہا کہ میں ٹیسٹ کے ساتھ ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائر ہورہا ہوں، یہی بات میں نے ورلڈکپ کے دوران بھی کہی تھی، بھارت میں ٹائٹل جیتنا بہت بڑی کامیابی ہے، اب مجھے چند دیگر لیگز کھیلنے کا موقع میسر آئے گا جبکہ ٹیم بھی نئے کھلاڑی کے ساتھ آگے بڑھے گی، ان 2 برس کے دوران اگر میں نے اچھی کرکٹ کھیلی اور ٹیم کو ضرورت ہوئی تو میں چیمپئنز ٹرافی کیلیے دستیاب ہوں گا۔
یاد رہے کہ وارنر نے 161 ون ڈے میچز میں 45.30 کی اوسط سے 6932 رنز بنائے، جس میں 22 سنچریاں شامل ہیں۔ وہ ایک روزہ کرکٹ میں اپنے ملک کی جانب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں چھٹے جبکہ سنچریوں کے معاملے میں رکی پونٹنگ کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔
وارنر پہلے ہی ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ماہ شیڈول ون ڈے سیریز کیلیے عدم دستیابی ظاہر کرچکے کیونکہ اس دوران وہ دبئی کیپیٹل کی آئی ایل ٹی 20 میں نمائندگی کریں گے۔ وہ ٹی 20 انٹرنیشنلز کھیلنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیاکے چیف ایگزیکٹیو نک ہوکلے نے کہا کہ ہم وارنر کو شاندار ٹیسٹ کیریئر پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، بورڈ کھیل کی اس طرز میں ان کی خدمات پر تہہ دل سے مشکور ہے، ڈیوڈ وارنر نے اپنے منفرد اٹیکنگ اسٹائل سے نہ صرف آسٹریلیا کو متعدد فتوحات دلائیں بلکہ شائقین کرکٹ کو بھی بہت زیادہ محظوظ کیا۔