لکی مروت: پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں گھر میں گھس کر فائرنگ کے واقعے میں خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سرائے نورنگ کی حدود تختی خیل میں پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق رات گئے کی گئی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے اور 2 خواتین بھی شامل ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری جائے وقوع پر پہنچی اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، تاہم تمام ممکنہ پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب اہلیان تختی خیل نے واقعے کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔