ایران اور پاکستان تحمل سے کام لیں؛ چین کی بلوچستان حملے پر اپیل

بیجنگ: چین نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ایران کے میزائل حملے پر فریقین سے تحمل اور برداشت سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ماؤ ننگ نے پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم پاکستان اور ایران سے کشیدگی میں اضافے کا باعث بننے والے اقدامات سے گریز کرنے اور امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ایران اور پاکستان بڑے اسلامی ممالک اور ایک دوسرے کے قریبی پڑوسی ہیں اور دونوں ہی ہمارے قریبی شراکت دار اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ہیں۔
چینی ترجمان ماؤ ننگ نے کہا کہ ہماری اپیل ہوگی کہ اس مسئلے پر پاکستان اور ایران تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ خطے میں کشیدگی میں اضافہ نہ ہو۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ایران کے بلوچستان کے شہر پنجگور میں حملے میں دو معصوم بچے جاں بحق اور تین بچیاں زخمی ہوگئی تھیں۔

جس پر پاکستان نے بلوچستان میں ہونے والے ایران کے حملے کو مکمل طور پر ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی۔

ایران کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا لیکن ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’نور‘‘ نے حملے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ اس کارروائی میں جیش العدل کے پاکستان میں ہیڈ کوارٹر کو تباہ کردیا گیا۔

خیال رہے کہ ایران نے جیش العدل کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہوا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں