انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ نیویارک کا آئزن ہاور پارک ٹی20 ورلڈکپ سے قبل کسی بین الاقوامی میچ کی میزبانی نہیں کرے گا۔
کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق نیویارک میں آئزن ہاور پارک جون میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ سے پہلے کسی بھی بین الاقوامی میچ کی میزبانی نہیں کرے گا جبکہ گراؤنڈ مئی کے آخر تک تیار ہوجائے گا۔ میگا ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں بھی اسی میدان پر مدمقابل آئیں گی۔
آئی سی سی عہدیداروں نے آگاہ کیا کہ ٹی20 ورلڈکپ ٹکٹس کے حوالے سے اہم اعلان بھی اگلے 15 روز میں کردیا جائے گا۔
نیویارک کے آئزن ہاور پارک گراؤنڈ میں پاک بھارت مقابلے سمیت 16 میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ پہلا میچ جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان 3 جون کو شیڈول ہے۔
ممکنہ طور پر پہلی بار ہوگا کہ آئی سی سی کا کوئی بڑا ایونٹ کسی ایسے مقام پر کھیلا جائے گا جہاں اس سے پہلے کوئی بین الاقوامی میچ منعقد نہیں ہوا ہو۔