اسلام آباد: ملک میں عام انتخابات کے تناظر میں انتہائی حساس اور دیگر کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشنز پر نفری تعیناتی کا فارمولا طے پا گیا۔
زرائع کے مطابق الیکشن کمیشن اور پولیس کے درمیان عام انتخابات کے دوران سکیورٹی کے حوالے سے معاملات طے پا گئے ، جس کے تحت الیکشن کمیشن نے انتہائی حساس ، حساس اور سی کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشنز پر نفری تعیناتی کا نیا فارمولا دے دیا ۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 5، حساس پولنگ اسٹیشنز پر 4 اور سی کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشنز پر 3 اہل کار تعینات کیے جائیں گے۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 6، حساس اور سی کیٹیگری کے پولنگ اسٹیشنز پر 5 اور 4 اہلکار تعینات کرنے کا فارمولا دیا گیا تھا، جس پر پولیس نے نفری کی کمی کے باعث الیکشن کمیشن کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا ۔
واضح رہے کہ لاہور میں 4300 سے زائد پولنگ اسٹیشنز ہیں جن میں 38 سو سے زائد پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس اور حساس کیٹیگری میں شامل ہیں ۔سی سی پی او نے الیکشن ڈیوٹی کے لیے سی آئی اے اور انویسٹی گیشن ونگ کو بھی ڈیوٹی پر تعینات کرنے کے احکامات دے دیے ہیں، جس کے بعد سی آئی اے اور انویسٹی گیشن ونگ سے اضافی نفری الیکشن ڈیوٹی پر فرائض سرانجام دے گی۔