میلبورن: ٹاپ سیڈ نووک جوکووچ نے 58 ویں بار گرینڈ سلم کوارٹر فائنل میں جگہ بناکر فیڈرر کا آل ٹائم ریکارڈ برابر کردیا۔
سیزن کے ابتدائی گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کے مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووچ نے فرنچ حریف ایڈریان مینارینو کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، جوکووچ کے میچ میں ہونیو الی بارش پر راڈ لیور ایرینا کی چھت کو بند بھی کیا گیا، انھوں نے ایونٹ میں لگاتار 32 ویں کامیابی سمیٹ کر 58 ویں بار گرینڈ سلم کوارٹر فائنل کھیلنے کا اعزاز پایا، اس طرح انھوں نے سوئس ماسٹر راجرفیڈرر کا آل ٹائم ریکارڈ برابر کردیا۔
چوتھے راؤنڈ کے دیگر میچزمیں روس کے 5 سیڈ آندرے روبیلوف نے آسٹریلوی حریف الیکس ڈی مینور کو بھرپور مقابلے میں شکست دے کر پیشقدمی جاری رکھی، 4 سیڈ جینک سینر نے کیرن کیچانوف کوزیر کرکے راؤنڈ 8 میں رسائی حاصل کرلی، ٹیلر فٹز نے یونانی حریف اسٹیفانوس ٹیسٹیپاس کا قصہ تمام کرکے ٹرافی کی جانب سفر جاری رکھا۔
ویمنز سنگلز میں 2 سیڈ اور دفاعی چیمپئن آریانا سیبالینکا نے ایمانڈا اینسمووا کو مات دیکر راؤنڈ 8میں قدم رکھے، 4 سیڈ امریکا کی کوکو گوف نے پولش حریف میگڈا فریچ پرغلبہ پالیا، 9 سیڈ باربورا کرائیجکووا نے جواں سال روسی حریف میرا آندریوا کیخلاف کامیابی سمیٹ لی، یوکرینی پلیئر مارٹا کوسٹیوک نے ماریا ٹیموفیوا کو شکست سے دوچار کیا۔