اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 50 فیصد پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور انتہائی حساس قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق حساس اور انتہائی حساس قرار دئیے جانے والے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 46 ہزار 65 ہے۔ حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 27 ہزار437 جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد18 ہزار437 ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 12 ہزار 580 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 6 ہزار 40 انتہائی حساس قراردئیے گئے ہیں۔ پنجاب میں 32 ہزار 324 پولنگ اسٹیشز نارمل قراردئیے گئے ہیں۔
سندھ کے 6545 پولنگ اسٹیشنز حساس 6524 انتہائی حساس اور 5937 پولنگ اسٹیشنز نارمل قراردئیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخواہ کے 6166 پولنگ اسٹیشنز حساس 4143 انتہائی حساس اور5388 پولنگ اسٹیشنز نارمل قراردئیے گئے ہیں۔
بلوچستان میں کل 5ہزار 28 پولنگ اسٹیشنز میں سے صرف 961 نارمل قراردئیے گئے ہیں جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 2337 اور انتہائی حساس کی تعداد 1730 ہے۔ ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے دور دراز کے اضلاع میں بیلیٹ پیپرز اور انتخابی سامان کی ترسیل کا کام شروع کر دیا۔ بیلیٹ پیپرز اور انتخابی سامان کی ترسیل پاک فوج کی سخت سیکیورٹی میں کی جارہی ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق دور دراز کے اضلاع میں بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان کی ترسیل 5 فروری تک مکمل کرلی جائے گی۔ راولپنڈی ، اٹک اور اسلام اباد میں 6 فروری تک انتخابی سامان کی ترسیل مکمل کر لی جائے گی۔ سات فروری کو بیلٹ پیپرز اور انتخابی سامان ریٹرنگ افسران پریزائڈنگ افسران کے حوالے کیا جائے گا۔