الیکشن کے دن لا اینڈ آرڈر خراب کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، آئی جی پنجاب

لاہور: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ انتخابات کے پُرامن انعقاد کیلیے پنجاب پولیس چوکس ہے اور ہم ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن 2024ء کے حوالے سے پنجاب پولیس کے سیکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔

پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ کے تمام ریجنز اور اضلاع میں سیکیورٹی، ٹریفک اور لاجسٹکس انتظامات کی فل ڈریس ریہرسل کی گئی، جس میں الیکشن میٹریل کی بحفاظت ترسیل، پولنگ اسٹیشنز و کلسٹرز پر پولیس نفری کی تعیناتی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق سینئر پولیس افسران نے پولنگ ڈیوٹی پر تعینات نفری کی ذمہ داریوں بارے بریفنگ کی جبکہ صوبہ بھر میں خصوصی ناکہ بندی اور سرچ اینڈ سویپ آپریشنز بھی کیے گئے، پولیس افسران نے لا اینڈ آرڈر کی مجموعی صورتحال، پولنگ کے عمل کو پرامن رکھنے کی ریہرسل کا جائزہ لیا جبکہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں فلیگ مارچز کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس میں ضلعی پولیس، ڈولفن اسکواڈ، پولیس رسپانس یونٹ، ایلیٹ فورس، ٹریفک پولیس کے جوانوں نے بھی حصہ لیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فل ڈریس ریہرسل اور دیگر اقدامات کا مقصد شہریوں میں احساس تحفظ کو مزید اجاگر کرنا ہے، انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پنجاب پولیس کے انتظامات مکمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر پولیس انتہائی الرٹ رہے، ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے، پنجاب پولیس الیکشن ڈے پر دیگر اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کو یقینی بنائے گی اور لا اینڈ آرڈر متاثر کرنے والے امن دشمن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں