کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی آئی او ایس اپ ڈیٹ نے آئی فون صارفین کے لیے ڈیوائس کا استعمال محال کر دیا۔
کمپنی نے رواں ہفتے آئی فون صارفین کے لیے آئی میسج کی سیکیورٹی اور پوڈ کاسٹ ایپ میں واضح تبدیلیوں کے ساتھ 118 نئے ایموجیز کی حامل آئی او ایس 17.4 اپ ڈیٹ متعارف کروائی تھی۔
اپ ڈیٹ کے بعد متعدد صارفین نے آئی او ایس کے نئے ورژن کے متعلق دعویٰ کیا کہ یہ اپ ڈیٹ ان کی ڈیوائس کی بیٹری کو ضائع کر رہی ہے۔
اس اپ ڈیٹ میں آئی فون صارفین کے زیر استعمال ایپس میں جہاں متعدد تبدیلیاں متعارف کرائی گئیں وہیں صارفین نے اپ ڈیٹ کے بعد بیٹری ضائع ہونے کے متعلق شکایات کے انبار لگا دیے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے دیگر صارفین سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آئی او ایس 17.4 اپ ڈیٹ نہیں کریں۔ یہ ایک جھانسہ ہے، آپ کی بیٹری بہت تیزی سے ختم ہونے لگے گی۔
ایک صارف نے کہا آئی او ایس 17.4 اپ ڈیٹ 17.3 سے زیادہ تیز بیٹری کو ضائع کر رہی ہے۔
ایک صارف نے سوال پوچھا کہ کیا دیگر آئی فون صارفین کو بھی نئی اپ ڈیٹ کے بعد مسائل کا سامنا ہے؟