لاہور: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز سے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں ملاقات کی اور صدارتی انتخاب کے لیے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کل ہونے والے صدارتی الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کے لیے گورنر ہاؤس لاہور پہنچے جہاں پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان پیپلزپارٹی اور دیگر ارکان کا اجلاس ہوا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملاقات کے موقع پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ملاقات میں کل ہونے والے صدارتی الیکشن پر مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلاول بھٹو زرداری سے صدارتی الیکشن میں ووٹرز کی تعداد کے بارے میں بات چیت کی۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اسمبلی میں رکن پی پی پی علی حیدر گیلانی سمیت پارٹی کے دیگر ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات کی۔
بعد ازاں مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے اراکین پنجاب اسمبلی سے خطاب کیا اور بلاول بھٹو نے کہا کہ آج میں یہاں آپ سب اراکین پنجاب اسمبلی کے پاس اپنے والد کے لیے ووٹ مانگنے آیا ہوں، اپنے والد کے بارے میں اتنا کہہ سکتا ہوں کہ وہ آپ لوگوں کا ایسے ہی خیال رکھے گا جیسے میرا خیال رکھتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ نے یہ منصب تو سنبھالا لیکن آپ نے تاریخ رقم کی ہے اور اس صوبے کی سب سے پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوئی ہیں، یہ پورے پاکستان کے لیے ایک پیغام ہے، پورے پنجاب میں موجود تمام خواتین آپ کی طرف دیکھ رہی ہیں، وہ آپ یہ کامیابی دیکھ کر محسوس کریں گی وہ ڈاکٹر یا وزیراعلیٰ بن جائیں گی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وزارت اعلیٰ سنبھالنے کے بعد رمضان پیکیج کا اعلان کرکے بہت ہی اہم پیغام دیا ہے کہ صوبے کے پسماندہ اور غریب لوگوں کی خدمت کرنا چاہتی ہیں اور یہ ہم سب کا فرض ہے، پیپلزپارٹی اس بات کی نہ صرف حمایت کرتی ہے بلکہ امید رکھتے ہیں غریب عوام کا خیال رکھیں گی۔
مریم نواز نے کہا کہ آصف علی زرداری صدر پاکستان کے لیے ہمارے امیدوار ہیں، ہم سب ان کو ووٹ دیں گے، یہ فیصلہ پارٹی اور اتحادی حکومت کا ہے۔