پشاور: الیکشن کمیشن نے 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ریٹرننگ افسران (آر اوز) کے کیسز نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن ٹریبونل پشاور ہائی کورٹ نے ضلع کرم میں انتخابی نتائج کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آر اوز کے کیسز نہ لڑنے سے متعلق عدالت کو مطلع کیا۔
وکیل الیکشن کمیشن نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن کی واضح ہدایات ہیں کہ کسی تنازع کا حصہ نہ بنا جائے۔ ہم عدالت کو صرف معاونت فراہم کرسکتے ہیں۔ آراوز اپنا کیس خود لڑیں گے۔
جسٹس وقار احمد نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ آر اوکیا الیکشن کمیشن کا افسر نہیں تھا۔ آپ تحریری طور پر عدالت کو دیں کہ آر او الیکشن کمیشن کا افسر نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف کوئی شکایات نہیں ہیں صرف آر اوز اور ڈی آر اوز کے خلاف شکایات ہیں۔
عدالت نے 7 روز میں جواب طلب کر کے کیس کی سماعت ملتوی کردی