لاہور: آرگنائزڈ کرائم یونٹ صدرڈویژن نے پھرتیاں دکھاتے ہوئے ہوٹلوں پر بھی چھاپے مارنے شروع کردیے۔
کارکردگی دکھانے کے لئے آرگنازڈ کرائم یونٹ نے میاں بیوی پر ہی مقدمہ درج کر دیا۔ انسپکٹر ماجد اقبال کی مدعیت میں نواں کوٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
متاثرہ شہری نے مؤقف اختیار کیا کہ پشاور سے لاہور شادی کی تقریب میں شرکت کے لئے آئے تھے،واپسی پر ہوٹل میں ٹھہر گئے، آرگنازڈ کرائم یونٹ کے اہلکار ہوٹل میں ٹھہرنے پر رشوت طلب کرتے رہے، جو نہ دینے پر انسپکٹر ماجد اقبال نے ہم میاں بیوی پر مقدمہ درج کیا۔
عدالت نے نعمان اور شاہدہ کا نکاح نامہ دکھانے پر مقدمہ خارج کردیا۔ متاثرہ میاں بیوی نے ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کر دیا۔
ڈی آئی جی (OCU) عمران کشور نے میڈیا پر چلنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے میں ملوث انسپکٹرسمیت 5اہلکاروں کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
ترجمان آرگنائزڈکرائم یونٹ لاہور کا کہنا ہے کہ سنگین غفلت، غیر ذمہ دارانہ رویہ اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل پر افسران واہلکاروں کو فوری معطل کرکے اوسی یو ہیڈکوارٹرز کلوز کرلیا اور ان کے خلاف فوری انکوائری کا حکم دیا.