واشنگٹن: اسرائیل کی غزہ میں جنگ کے خاتمے کے بعد لبنان میں حزب اللہ پر بھرپور اور پوری قوت سے فوجی کارروائی کی دھمکی کے بعد مشرق وسطیٰ میں تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔
’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے سینیئر حکام نے حزب اللہ سے جنگ کی صورت میں اسرائیل کو ہر ممکن تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
امریکی حکام نے اسرائیلی عہدیداروں سے ملاقات میں کہا کہ حزب اللہ کے ساتھ وسیع جنگ چھڑی تو جوبائیڈن انتظامیہ اپنے اتحادی کی مدد کے لیے تیار ہے۔ امریکا ہر موقع پر اسرائیل کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوگا۔
سی این این کے مطابق یہ یقین دہانی سینیئر امریکی حکام نے امریکا کا دورہ کرنے والے اسرائیلی حکام کے وفد کو کرائی تھی۔
یاد رہے کہ اسرائیل کے جنگی امور کے وزیر رون ڈرمر اور قومی سلامتی کے مشیر زاچی ہنگبی نے واشنگٹن میں امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان،وزیرخارجہ انٹونی بلنکن اور مشرق وسطیٰ کے رابطہ کار کے ساتھ ملاقاتیں کی تھیں۔
ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ’سی این این‘ کو بتایا کہ اس ملاقات میں غزہ جنگ بندی، یرغمالیوں کی رہائی اور ایران کی شمالی سرحدوں کی صورتحال پر بات چیت ہوئی تھی.