کراچی: جنوبی افریقی کپتان ایڈین مارکرم ورلڈ کپ فائنل میں ناکامی پر انتہائی مایوس ہیں، انھوں نے کہا کہ بھارت سے فیصلہ کن معرکے میں شکست کچھ تکلیف دہ رہی لیکن ناکامی کے باوجود مجھے اپنے پلیئرز کی پرفارمنس پر فخر ہے، جنھوں نے ٹیم کو فتح کے انتہائی قریب پہنچایا۔
پروٹیز قائد کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے ثابت کردکھایا کہ ہم فائنلسٹ سائیڈ بننے کی مکمل اہلیت رکھتے تھے، موجودہ ٹی 20 ورلڈ کپ کی مہم کے دوران کئی میچز ہمارے لیے ناقابل یقین ہے اور ہم نے ہر بار خسارے میں ہونے کے باوجود فتح کو اپنا مقدر بنایا تھا، ہم نے آخری گیند تک بھرپور مزاحمت پیش کی، ہم کبھی پرسکون نہیں رہے۔
فائنل میں بھی بھارت کیخلاف ایک مرحلے پر پروٹیز کو اختتامی 5 اوورز میں 30 رنز درکار تھے لیکن پھر بھی جنوبی افریقہ اولین ٹی 20 ورلڈ کپ ٹرافی سے محروم رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی 20 فائنل میں جنوبی افریقا کو شکست، بھارت دوسری بار عالمی چیمپئین بن گیا
معروف کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے فورکاسٹر نے جنوبی افریقا کی فتح کا امکان 96.65 فیصد ظاہر کیا تھا، جنوبی افریقی کپتان ایڈین مارکرم کو اپنے پلیئرز پر فخر ہے، جنھوں نے فائنل میں ناکامی سے قبل لگاتار 8 فتوحات کو گلے لگایا تھا۔
تاہم فائنل میں ناکامی سے یقینی طور پر ہمیں تکلیف پہنچی لیکن ہمارے پلیئرز نے پورے ایونٹ میں ناقابل یقین پرفارمنس پیش کرکے خود کو فائنلسٹ ثابت کیا ہے، ٹاس ہارنے کے بعد جنوبی افریقہ نے بھارت کو 7 وکٹ پر 176 تک محدود کیا تھا،
مارکرم کے مطابق یہ ہدف قابل رسائی تھا لیکن ہمارے بیٹرز دن کے اختتام اچھے انداز میں نہیں کرپائے، میرکرم نے جنوبی افریقی بولرز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بولرز نے وکٹ کی مناسبت سے اچھی بولنگ کرتے ہوئے حریف سائیڈ کو بڑے ٹوٹل سے باز رکھا، ہمارے درمیان اچھا میچ ہوا مجھے اپنے پلیئرز کی پرفارمنس پر فخر ہے،
ہماری ٹیم نے ثابت کیا ہے کہ ہم فائنل تک رسائی پانے میں حق بجانب تھے، ہمیں یہ میچ جیتنا چاہیے تھا، بدقسمتی سے ہم ایسا نہیں کرپائے لیکن مجھے بدستور اپنے پلیئرز کے گروپ پر فخر ہے۔