اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی سینئیر قیادت نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری سے رابطہ کرکے پارٹی کی موجودہ قیادت پر تنقید نہ کرنے کی درخواست کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے تحریک انصاف کے سابق رہنما فواد چوہدری سے رابطہ کرکے ان سے پارٹی کی موجودہ قیادت کو ہدف تنقید نہ بنانے کی درخواست کی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں کے رابطے پرفواد چوہدری نے پی ٹی آئی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پالیسی کے تحت عمران خان کی رہائی ممکن نہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا عمران خان کو جلد از جلد رہا کرنا اور عوامی مینڈیٹ واپس دلانا ہے۔
ذرائع کے مطابق فواد چوہدری اور پی ٹی آئی قیادت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت نے فواد چوہدری کی مثبت تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔