لاہور: آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ڈکیت اور رابر گینگز کے خلاف آپریشن میں 3 گینگز کے 10 ملزمان کو گرفتار کرکے 7 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد رقم اور سونا برآمد کرلیا۔
ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ عمران کشور نے ایس پی آفتاب احمد پھلروان اور ڈی ایس پی چوہدری فیصل شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن نے ڈکیت اور رابر گینگز کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا ہے، او سی یو ماڈل ٹاؤن نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 3 گینگز کے 10 ملزمان کو گرفتار کرکے 7 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد برآمد کرلیے۔
عمران کشور کے مطابق گرفتار ملزمان میں سرغنہ شعیب عرف مٹھو، شہزاد، امجد علی، وکی مسیح، محمد قدیر، ثاقب، عثمان انجم عباس، تنویر اور بلال شامل ہیں، ملزمان سے ڈیفنس کے علاقے میں کارگل جنگ میں شہید میجر احمد خان ٹوانہ کے گھر سے ہونے والی کروڑوں روپے کی واردات کی رقم، طلائی زیورات، خنجر اور گولڈ میڈلز برآمد کرلیے گئے۔
انہوں ںے بتایا کہ شریف میڈیکل سٹی اسپتال کے معروف معالج ڈاکٹر عدنان کے گھرمیں ہونے والی لاکھوں روپے کی واردات بھی ٹریس ہوگئی۔
ڈی آئی جی کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں ریٹائرڈ ایس پی الطاف حسین گوندل کی بیٹی کے گھر سے ہونے والی واردات بھی ٹریس کرکے رقم برآمد کر لی گئی، ملزمان سے کروڑوں روپے مالیت کے طلائی زیورات موبائل فونز اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا، ملزمان ایلیٹ کلاس علاقوں میں اسلحہ کے زور پر واردات کرکے فرار ہو جاتے تھے، ملزمان کا ڈکیتی، رابری اور نقب زنی کی درجنوں وارداتوں کا انکشاف ہوا ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔علاوہ آرگنائزڈ کرائم یونٹ ماڈل ٹاؤن نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے 10 مجرمان اشتہاری بھی گرفتار کیے، ملزمان کو جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی ایکسپرٹس، پبلک ریلیشن اور تجربہ کار افسران کی مدد سے مختصر وقت میں گرفتار کیا گیا.