کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سیاست ہر جماعت کا حق ہے لیکن دہشت گردی اور سیاست میں فرق ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاسی جماعت پر پابندی سے متعلق معاملہ کابینہ میں لائے گی۔ سیاست ہر جماعت کو کرنے کا اختیار ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ سیاست میں ہر چیز جائز ہے۔ جی ایچ کیو کے باہر پُر امن احتجاج کی کال دی تھی تو لوگ اندر کیسے تھے ؟ پر امن احتجاج تھا تو کراچی میں 20 ایمبولینس کیسے جلیں ؟
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کسی صوبے میں گورنر راج کو سپورٹ نہیں کرے گی۔ ابھی مفروضوں پر بات ہو رہی ہے ، ہر چیز کا پروسیجر ہوتا ہے۔ سیاست اور دہشتگردی میں بہت بڑا فرق ہے۔ وفاقی حکومت سنجیدہ ہوئی تو معاملہ کابینہ میں لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی دور میں کراچی میں ایک کال آتی تھی کہ پر امن ہڑتال ہو گی۔ اس پر امن ہڑتال میں کراچی میں 30، 30 لوگ مرتے تھے ، شہر بند ہوتا تھا۔ اگر یہ پر امن ہڑتال ہے تو پر تشدد کیا ہو گی ، توبہ کریں اس دن سے۔ سانحہ اے پی ایس ہوا تھا تو اس وقت بھی صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔ بنوں جیل کا جب واقعہ ہوا تھا تو کے پی میں اس وقت بھی پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی اہم ذمے داری ہوتی ہے.