پشاور: اے ٹی سی جج محمد اقبال خان نے نو مئی مقدمے میں پی ٹی آئی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی پیر فدا ایڈووکیٹ کی بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بری کردیا۔
عدالت نے سابق ایم پی اے کی بریت کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پیر فدا ایڈووکیٹ کے خلاف کوئی شواہد نہیں ہیں، عدم ثبوت کی بنا پر انہیں بری کیا جائے۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ درخواست گزار پر نو مئی کو تھانہ خان رازق شہید کی حدود میں توڑ پھوڑ کا الزام تھا، جس کے دوران نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، پولیس نے درخواست گزار سمیت متعدد ملزمان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا اور تحقیقات مکمل کرکے ٹرائل شروع کیا تھا۔
عدالت نے درخواست منظور کرکے عدم ثبوت کی بنا پر سابق ایم پی اے پیر فدا ایڈووکیٹ کو مقدمے سے بری کردیا.