اسلام آباد:چھبیسویں آئینی ترمیم کے خلاف ایک اور درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی گئی جو اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بچھر و دیگر نے دائر کی۔
درخواست گزاروں میں ایڈووکیٹ منیر احمد بھی شامل ہیں۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے سے متصادم ہے، عدلیہ کی آزادی کو صلب کرنے کا اختیار پارلیمان کے پاس بھی نہیں جبکہ سپریم کورٹ قرار دے چکی کہ بنیادی حقوق کو ختم یا کم نہیں کیا جا سکتا۔ استدعا کی گئی کہ عدلیہ کی آزادی سے متصادم ترمیم کالعدم قرار دی جائے۔
سپریم کورٹ نے آئینی درخواست کو ڈائری نمبر بھی الاٹ کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف سپریم کورٹ کے علاوہ ملک کی مختلف عدالتوں میں درخواستیں جمع کروائی جا رہی ہیں۔