ویب ڈیسک
November 25, 2024
facebook
twitter
whatsapp
mail
کوئٹہ:
طالبعلم کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج اور دھرنا جاری ہے، اس دوران اہم شاہراہیں بند ہیں جب کہ تعلیمی اداروں میں بھی آج تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، ریلولے نے ٹرین بھی منسوخ کردی۔
زرائع کے مطابق 11سالہ طالب علم کی عدم بازیابی کے خلاف لواحقین ، انجمن تاجران اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھرنا آج گیارہویں روزبھی جاری ہے۔ اس دوران دھرنا کمیٹی کی کال پر آج صوبے کی اہم شاہراہوں پر پہیہ جام ہڑتال کی جا رہی ہے۔
احتجاج کے دوران بلیلی ، میاں غنڈی ، دشت میں قومی شاہراہیں بلاک کردی گئی ہیں۔ اسی طرح کراچی قومی شاہراہ، کوئٹہ ،سبی ، جیکب آباد شاہراہ، چمن کوئٹہ شاہراہ کو بھی بند کردیا گیاہے۔
علاوہ ازیں پہیہ جام ہڑتال کے باعث آج صوبے کے تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت آج صو بے بھر میں نجی و سرکاری اسکول، کالجز اور جامعات میں تعطیل ہوگی اور تدریسی عمل معطل رہے گا۔
دوسری جانب مغوی بچے کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاج کے سلسلے میں پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے چمن ٹرین بھی منسوخ کردی گئی ہے۔ ریلوے انتظامیہ کے مطابق آج کوئٹہ سے چمن کے لیے مسافر ٹرین کی روانگی منسوخ کردی گئی ہے۔کل سے دوبارہ مسافر ٹرین معمول کے مطابق چلے گی۔
اُدھر مستونگ میں بھی طالبعلم کی عدم بازیابی کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کی جا رہی ہے اور کراچی شاہراہ لک پاس اور دیگر علاقوں میں ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے۔ مستونگ میں آل پارٹیز کے رہنماؤں نے قومی شاہراہ پر دھرنا دے رکھا ہے، اس دوران مستونگ ضلع میں تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔