راولپنڈی:پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد اور ڈی چوک پہنچنے والے کارکنان کو شاباش دیتے ہوئے مطالبات منظور ہونے تک ڈٹ جانے کی ہدایت کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے بانی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ سے عمران خان سے منسوب بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’پاکستانی قوم اور پی ٹی آئی کارکنان کو سلام جو اپنے حقوق کیلیے کھڑے ہوئے اور پُرامن احتجاج کررہے ہیں اور ملک میں مسلط مافیا کے سامنے اپنے مطالبات ، حقیقی آزادی کیلیے کھڑے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ’میرا اپنی ٹیم کو بھی یہی پیغام ہے کہ آخری بال تک لڑیں اور جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوجاتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے‘۔
بانی پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا کہ ’محسن نقوی کی ہدایت پر پولیس اور رینجرز نے ہمارے کارکنان پر فائرنگ و شیلنگ کی جس سے وہ زخمی ہوئے ہیں، انہیں اس کا حساب دینا ہوگا‘۔ عمران خان کے بقول شہری نہ صرف پُرامن تھے بلکہ انہوں نے رینجرز، پولیس اور اہلکاروں کو ریسکیو بھی کیا ہے۔
عمران خان نے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے موبائلزیشن اور فنڈز بھیجے، اس کے ساتھ اپنے اپنے ممالک میں مظاہرے بھی کیے۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ سوشل میڈیا رضاکار بھی دنیا بھر میں ہمارے خلاف ہونے والے ظلم اور مطالبات کو دنیا کے سامنے آشکار کرتے رہیں۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے ملٹری کورٹس کا کوئی خوف نہیں اور اپنے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، جو کرنا ہے کرلو۔
بانی پی ٹی آئی نے دیگر پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ بھی دھرنے میں شمولیت اختیار کریں۔مظاہرے میں شامل تمام پاکستانی مطالبات پورے ہونے تک پرامن، متحد اور ڈٹے رہیں، یہ پاکستان کی بقا اور حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے!!