سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے احتجاج کے دوران ہلاکتوں پر ازخود نوٹس کی استدعا مسترد کردی

اسلام آباد:سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے پی ٹی آئی کے پُرتشدد احتجاج کے دوران ہلاکتوں پر ازخود نوٹس لینے کی استدعا مسترد کردی۔

موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی سے متعلق کیس میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختواہ ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے۔

خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز دونوں اطراف سے ہلاکتیں ہوئیں، آئینی بنچ ازخود نوٹس لے سکتا ہے لہٰذا آئینی بنچ ان واقعات پر ازخود نوٹس لے۔

سربراہ آئینی بنچ جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ جو معاملہ ہمارے سامنے سرے سے ہے ہی نہیں اسے ہم نہیں دیکھ سکتے۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ یہ معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے، اس پر بات نہیں کرنا چاہتے۔

جسٹس مسرت ہلالی نے خیبرپختونخوا حکومت کے وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں پیش ہوکر سیاسی باتیں نہ کریں۔

دریںا اثنا سپریم کورٹ نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام سے متعلق درخواست نمٹادی، فاٹا کے انضمام سے متعلق درخواست بانی تحریک انصاف نے دائر کی تھی۔

وکیل بابراعوان نے کہا کہ صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا سے یہ معاملہ حتمی ہوچکا ہے، بانی تحریک انصاف کی درخواست پر کسی عدالتی کاروائی کی ضرورت نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں