اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کے پی سے آئے جتھے نے اسلام آباد میں وہ تماشا لگایا جسے بیان نہیں کرسکتا۔
یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں امن و عامہ کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، افواج پاکستان کے دیگر سربراہان، وفاقی وزرا و دیگر موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہاں حالات خراب کرنے کے لیے خیبرپختون خوا سے ایک جھتہ ہر طرح سے لیس ہوکر آیا تھا، احتجاج کے دوران جتھے نے ہر طرح سے توڑ پھوڑ کی جس سے معیشت کو نقصان پہنچا،وہ تماشا لگایا جسے میں الفاظوں میں بیان نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ کے پی سے آئے مظاہرین نے گولیاں چلائیںِ، تین رینجرز اہلکاروں اور ایک پولیس اہلکار کو شہید کیا، جتھے نے ایس سی او کانفرنس کے دوران بھی چڑھائی کی اور بیلا روس کے صدر کی آمد پر بھی چڑھائی کی اور اسے قبل بھی کی، یہ تیسری بار اسلام آباد پر لشکر کشی کی گئی، احتجاج اور دھرنے کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف یعنی تخریب انصاف کی کے پی میں حکومت ہے مگر اس کی پارا چنار میں کوئی توجہ نہیں ہے جہاں سو سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، وہاں خونریزی بند کرانے کے بجائے ان کی توجہ اسلام پر چڑھائی کرنے اور وہاں خون بہانے پر ہے۔