کراچی:شہر قائد میں سڑکوں پر دوڑتے قاتل واٹر ٹینکرز کی ٹکر سے مزید 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران واٹر ٹینکرز کی ٹکر اور دیگر حادثات میں 6 افراد جاں بحق اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔
شہید ملت روڈ پر حادثہ
شہر کی مصروف سڑک شہید ملت روڈ پر بلوچ کالونی کی طرف جانے والے راستے پر واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 2موٹر سائیکل سوار اپنی جان گنوا بیٹھے، جب کہ ایک شخص زخمی ہوا۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگا دی، جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
حب ریور روڈ پر المناک حادثہ
علاوہ ازیں بلدیہ ٹاؤن کے قریب حب ریور روڈ پر ایک اور افسوسناک حادثے میں واٹر ٹینکر نے 2موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس واقعے کے بعد بھی ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دیگر واقعات
واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ہلاکتوں کے علاوہ کاٹھور کے علاقے میں ایک گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا کوسٹ گارڈ اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ حادثے کے بعد ڈرائیور کار چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
اُدھر کورنگی کے قریب چمڑا چورنگی پر ایک کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس سے موٹر سائیکل نالے میں جا گری اور ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں بھائی تھے۔