سہ ملکی کرکٹ سیریز؛ لاہور میں آرمی اور رینجرز تعینات کرنیکی منظوری دیدی گئی

لاہور:سہ ملکی کرکٹ سیریز کے لیے وفاقی وزارت داخلہ نے 5 سے 10 فروری کے لیے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

کرکٹ میچز کے دوران پاکستان آرمی اور پاکستان رینجرز پنجاب کی ایک، ایک کمپنی تعینات ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے پولیس کی درخواست پر وفاقی حکومت کو مراسلہ لکھا تھا.
سہ ملکی کرکٹ سیریز میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں شرکت کریں گی، 8 اور 10 فروری کے میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم پیر اور منگل کی شب پاکستان پہنچ جائے گی، میزبان اور کیویز قذافی اسٹیڈیم میں 6 فروری کو فلڈ لائٹس میں پریکٹس کریں گی۔ سہ فریقی ایونٹ کی تیسری ٹیم جنوبی افریقا 7 فروری کو پاکستان پہنچے گی۔

ٹرائنگولر سیریز اور آئی سی سی چیمپییئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ پیر سے ایل سی سی گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔ دونوں ایونٹس کے لیے محمد رضوان کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔
سہ ملکی کرکٹ سیریز کا آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 19فروری سے شروع ہو کر 9مارچ تک جاری رہے گی۔ میگا ایونٹ کے میچز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے جبکہ بھارتی ٹیم اپنے میچز یو اے ای میں کھیلے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں