لاہور میں پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے شہری کو یرغمال بنا کر تشدد کرنے والے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
لاہور میں چونگ پولیس نے 6 ملزمان کو اتحاد ٹاؤن سے گرفتار کیا۔ شہری ایمیگریشن وکیل کے طور پر کام کرتا ہے۔ ملزمان نے شہری کو پراپرٹی آفس میں یرغمال بنایا۔ تشدد کرتے رہے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ ملزمان نے شہری کے والد کو کال کرکے دھمکایا اور اس سے کام چھوڑنے کا مطالبہ کرتے رہے۔
ملزمان میں محسن علی،ارسلان ، محمد وارث، عثمان، شاہد امین اور محمد عمران شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان سے ناجائز اسلحہ اور گولیاں برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ ایس پی صدر ڈاکٹر غیور احمد خان کا کہنا ہے کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔