دہلی میں ایک خاتون اس وقت حیران رہ گئیں جب مرد رکشہ ڈرائیوروں کے ہجوم کے درمیان ان کا سامنا ایک خاتون آٹو رکشہ ڈرائیور سے ہوا۔
اگرچہ ابتدا میں مسافر خاتون ڈرائیور کے رکشے میں جانے پر ہچکچاہٹ کا شکار تھیں، لیکن وہ ڈرائیور کے اعتماد اور دوستانہ رویے سے متاثر ہوکر رکشے میں بیٹھ گئیں۔
مسافر خاتون نے گفتگو شروع کی اور خاتون ڈرائیور سے اس کی زندگی کے سفر کے بارے میں پوچھا۔
نیلم نامی ڈرائیور نے کُھل کر مسافر سے اپنی زندگی کا سفر بیان کیا کہ کس طرح اس نے لاپرواہ شوہر اور سسرال والوں کے چیلنجوں کا سامنا کیا۔
لیکن ہار ماننے کے بجائے نیلم نے اپنے مستقبل کا اختیار اپنے ہاتھ میں لیا۔ اپنی بیٹی کے لیے بہتر زندگی اور مواقع کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم خاتون نے اپنے شوہر سے آزادی کا پروانہ لیا اور ایک آٹو رکشہ ڈرائیور بن گئیں۔
مسافر خاتون نیلم کی ہمت اور لچک دیکھ کر بہت متاثر ہوئیں اور بعد میں انہوں نے سوشل ویب سائٹ Reddit پر اس ملاقات کا تجربہ شیئر کیا۔
پوسٹ تیزی سے وائرل ہوگئی جس نے 2,400 سے زیادہ اپ-ووٹس حاصل کیے اور ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا۔