کراچی سے سوات جانے والی بس کو موٹروے ایم 2 پر حادثہ، 8 مسافر جاں بحق

راولپنڈی:موٹر وے ایم ٹو پر نیلہ دولہ کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہوکر گہرائی میں الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 8افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق کراچی سے سوات جانے والی مسافر بس میں 43 مسافر سوار تھے۔

مسافر بس موٹر وے ایم ٹو پر نیلہ دولہ کے قریب پہنچی تو ڈرائیور سے بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے کو عبور کرتی ہوئی گہرائی میں الٹ گئی جس کے باعث مسافر بس میں پھنس گئے۔

حادثے میں ایک بچی، ایک خاتون اور تین مرد مسافروں سمیت پانچ مسافر موقع پر دم توڑ گئے جبکہ تین شدید زخمیوں سمیت 18 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں شدید زخمی تین مرد مسافر بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

موٹر وے پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گلاب کوچ نان اے سی مسافر بس تھی جو کراچی سے سوات جا رہی تھی جس کو احتیاطی تدابیر اختیار کر کے سیدھا کر دیا گیا اور 15 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا اور مزید کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں