لاہور:لاہور کے علاقے سندر میں گھریلو ناچاقی پر شوہر نے بیوی کو گولیاں مار کر خودکشی کرلی۔
پولیس کے مطابق عثمان نامی شخص نے ایک سال قبل ایشاء نامی خاتون سے شادی کی تھی۔ عثمان نے پہلے ایشاء پر چار گولیاں چلائیں جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی، بعد ازاں اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔
فائرنگ اور چیخ و پکار کی آواز سن کر محلہ داروں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سندر اسد اقبال، انچارج انویسٹی گیشن انسپکٹر پاشا عمران اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔
پولیس کے مطابق عثمان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ایشاء کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے کیونکہ زیادہ خون بہہ چکا ہے۔
ایس ایچ او اسد اقبال کے مطابق جائے وقوعہ سے عثمان کا لائسنس یافتہ پستول برآمد کر لیا گیا ہے اور واقعے کی قانونی کارروائی کے بعد مزید تفتیش جاری ہے۔