آئی سی سی کی نئی رینکنگ، ہیری بروک نمبر ون ٹیسٹ بیٹر بن گئے

آئی سی سی نے ٹیسٹ اور ون ڈے کی نئی پلیئر رینکنگ جاری کردی جس میں بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈر کیٹیگریز میں کئی بڑی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔

ایجبسٹن ٹیسٹ میں 158 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے والے انگلش بیٹر ہیری بروک نے ٹیسٹ کرکٹ میں دنیا کے نمبر ون بیٹر کا اعزاز جو روٹ سے چھین لیا۔

تازہ رینکنگ میں بروک 18 پوائنٹس کے فرق سے سرفہرست آ گئے ہیں جب کہ جو روٹ دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

بھارتی کپتان شبمن گل نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں 269 اور 161 رنز کی دو شان دار اننگز کھیل کر کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کر لی، کین ولیمسن (تیسرے)، یشسوی جیسوال (چوتھے) اور اسٹیو اسمتھ (پانچویں) ہیں۔

انگلینڈ کے وکٹ کیپر جیمی اسمتھ نے بھارت کے خلاف ناقابل شکست 184 اور 88 رنز کی اننگز کھیل کر 16 درجے بہتری کے ساتھ ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی، وہ اب دسویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

جنوبی افریقا کے ویان ملڈر نے زمبابوے کے خلاف ناقابل شکست 367 رنز بنائے اور ٹیم کی اننگز 626/5 پر ڈکلیئر کر دی، حالانکہ ان کے پاس برائن لارا کا عالمی ریکارڈ توڑنے کا موقع تھا۔

ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں 12 درجے ترقی دے کر تیسری پوزیشن پر پہنچا دیا ہے۔ بھارتی آل راؤنڈر رویندر جڈیجا بدستور ٹیسٹ آل راؤنڈرز رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔

بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے آرام کے باوجود ٹیسٹ بولرز میں پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔

بھارت کے محمد سرِاج نے انگلینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی پر ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں 6 درجے بہتری کے ساتھ 22 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔

ون ڈے رینکنگ

سری لنکا کی بنگلادیش کے خلاف 2-1 سیریز فتح کے بعد ون ڈے رینکنگ میں بھی تبدیلیاں ہوئیں۔

کپتان چارِتھ اسالنکا دو درجے بہتری کے ساتھ چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ کوشال مینڈس نے 10 درجے ترقی کے ساتھ 10ویں پوزیشن حاصل کرلی۔

بولنگ میں وانیندو ہاسارنگا نے تین میچز میں 9 وکٹیں حاصل کر کے 11 درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر جگہ بنائی ہے۔

ون ڈے بیٹرز میں شبمن گل پہلی، بابراعظم دوسری، روہت شرما تیسری، ویرات کوہلی چوتھی، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل پانچویں پوزیشن پر برقرار ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں