ہمارا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہے، علی امین گنڈاپور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا قافلہ پنجاب اسمبلی سے نکالے گئے نمائندوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ہے، یہ قافلہ غیر قانونی، غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف پرامن ردعمل ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم صرف امن، محبت، بھائی چارے اور رواداری کا پیغام لے کر جا رہے ہیں، جو سمجھتے ہیں کہ یہ کوئی احتجاج ہے، وہ جان لیں یہ محض اظہارِ یکجہتی ہے، ہمارا مقصد انتشار نہیں، بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہر قدم پر امن کی بات کی ہے اور ہر لفظ میں آئین کی پاسداری کا واضح پیغام ہے، عوام دیکھ لیں یہ قافلہ نفرت نہیں، صرف محبت لے کر نکل رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے علمبردار اپنے بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکلے ہیں، ہم صرف یہ بتانے جا رہے ہیں کہ جمہوری نمائندوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قافلے کا ہر قدم آئین کی سر بلندی اور عوام کے حقِ نمائندگی کا استعارہ ہے۔

قبل ازیں کے پی کے ہاؤس میں پی ٹی آئی راہنماوں کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد پی ٹی آئی راہنما اور کارکنان لاہور کے لئے روانہ ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں