کراچی چیمبر کے بعد ٹرانسپورٹرز کا بھی ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

کراچی:ملک کی تمام ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے تاجر برادری کا ساتھ دیتے ہوئے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔

کراچی گڈز کیریئر ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک شیر خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ برادری تاجروں کے ساتھ ہے، 19 جولائی کو ملک میں کہیں بھی کوئی سپلائی یا کوئی گاڑی نہیں چلے گی۔ اگر تاجر ہڑتال طویل کرنا کا کہیں تو بھی ہم تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز 19 جولائی کو کراچی چیمبر آف کامرس کی ہڑتال میں شریک ہوں گے، جب تک کراچی چیمبر کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے پہیہ جام ہڑتال ہوگی اور ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔

کراچی چیمبر آف کامرس میں ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے صدور نے چیمبر کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ فنانس بل میں سیلز ایکٹ کی شقوں 37 اے اور بی کے خلاف ہڑتال سے متعلق ٹرانسپورٹرز نے کراچی چیمبر کی حمایت کی۔

صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی نے کہا کہ وزیر خزانہ فوری طور پر ہمارے پانچ مطالبات کو عارضی طور پر معطل کریں تو ہڑتال واپس لیں گے، وزیراعظم آفس اور وزارت خزانہ سے مذاکرات کے لیے بار بار فون آ رہے ہیں لیکن وزیر خزانہ کراچی آکر بھی ہم سے ملاقات نہیں کر رہے۔

جاوید بلوانی نے کہا کہ آج ہم نے ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ہم حکومت سے مذاکرات کریں گے لیکن ہماری شرط یہ ہے کہ ہمارے مطالبات کو فوری طور پر تعطل میں ڈالا جائے اور ہڑتال اسی صورت واپس ہوگی۔

صدر کراچی چیمبر نے بتایا کہ ٹرانسپورٹرز نے کہا ہڑتال آگے بڑھے گی تب بھی وہ ساتھ کھڑے ہوں گے.

اپنا تبصرہ بھیجیں