عتیقہ اوڈھو سسرال والوں کے رویے کو یاد کرتے ہوئے روپڑیں

پاکستان شوبز کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو سسرال کے رویے کو یاد کرتے ہوئے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔
عتیقہ اوڈھو اپنے حالیہ ڈرامے “دستک” پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنی ذاتی زندگی کے تجربات پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے زندگی کے کئی مشکل مراحل کا سامنا کیا، جن میں کم عمری میں طلاق بھی شامل ہے۔

عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ ڈرامہ “دستک” ایک مطلقہ خاتون کی کہانی ہے اور وہ اسے اس لیے بھی دیکھتیں اگر وہ اس پر تبصرہ نہ کر رہی ہوتیں، کیونکہ یہ کہانی ان کے دل کے قریب ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں خاص طور پر تعلیم یافتہ اور اعلیٰ طبقے میں بھی، طلاق یافتہ خواتین کو تعصب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اداکارہ نے اپنے مرحوم سسر اور ساس کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کی بہت شکر گزار ہوں کیونکہ انہوں نے نہ صرف مجھے بلکہ میرے بچوں کو بھی دل سے قبول کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے لیکن ان کی محبت اور سپورٹ کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گی۔

سوشل میڈیا پر سینئر اداکارہ کی اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے صارفین نے عتیقہ اوڈھو کے لیے محبت بھرے پیغامات بھیجے اور ان کے سچ بولنے کی ہمت کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں