لاہور: پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن اور حکومتی کمیٹی کے درمیان ملاقاتوں کے بعد ڈیڈ لاک بڑھ گیا۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے 26 ارکان کی معطلی کے معاملے میں حکومتی کمیٹی اور حزب اختلاف کے درمیان ملاقاتوں کے بعد ڈیڈ لاک بڑھ گیا ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کمیٹی کی رکھی شرائط مسترد کر دی گئی ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ حکومتی کمیٹی کی ایوان میں شور شرابہ اور احتجاج نہ کرنے کی شرط کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مؤقف کو واضح کردیا گیا ہے کہ ایوان میں احتجاج ہمارا آئینی حق ہے اور ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے ۔
اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ ایوان میں احتجاج کے دوران شور شرابہ تو ہوگا ۔ اپوزیشن ذرائع کے مطابق صرف مذاکرات ایوان میں دونوں طرف سے گالم گلوچ نہ کرنے کے ایجنڈے پر ہوں گے۔ ایوان میں گالیاں دینے پر دونوں بینچوں پر سزا ہوگی ۔
اپوزیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن حکومتی کمیٹی سے اسی ایجنڈے کے تحت ایک دو روز میں ملاقات کرے گی۔