کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 سے اداکارہ حمیرا اصغر کی گھر سے لاش ملنے کی تحقیقات جاری ہیں جس میں نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ادکارہ حمیرا اصغر کا مکمل موبائل ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے تاہم تاحال موبائل فون سے کوئی اہم شواہد نہیں ملے۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ حمیرا نے 7 اکتوبر 2024 کو 14 افراد سے رابطہ کیا مگر رابطہ کئے گئے افراد میں سے کسی کا جواب نہیں آیا ہوا۔ رابطہ کئے جانے والوں میں شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والا ایک ڈائریکٹر بھی شامل ہے۔
تفتیشی زرائع کے مطابق مذکورہ ڈرامہ ڈائریکٹر اسلام آباد میں موجود ہے جس سے رابطہ بھی کرلیا گیا ہے۔ اداکارہ کے فلیٹ سے تین موبائل فونز، ٹیبلیٹ ،ڈائری اور مختلف دستاویزات ملے تاہم حمیرا اصغر کے زیر استعمال ٹیبلٹ خراب ہے جس کو تاحال نہیں کھولا جا سکا۔
تفتیشی حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ حمیرا اصغر کے نام پر تین سمز تھیں، تینوں سمز تینوں فونز میں لگی ہوئی تھیں جبکہ ان کے کے دو موبائل فونز پر کوئی پاسورڈ نہیں تھا اور تیسرے موبائل اور ٹیبلیٹ کا پاسورڈ اداکارہ کی ڈائری میں لکھا ہوا تھا۔
حمیرا اصغر کے تینوں موبائل فونز میں کلُ 22 سو 15 نمبرز موجود ہیں۔ تفتیش کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ اداکارہ کے فون ریکارڈ کے مطابق اکتوبر کے ابتداء میں حمیرا اصغر نے بھائی سے بھی رابطے کی کوشش کی تھی۔