یونیورسٹی آف پینسلوینیا کے شہر گیٹس برگ میں معروف پیرانارمل محقق ڈین رویرا 54 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اینابیل کو خطرناک اور شیطانی طاقتوں والی خوفناک گڑیا ماننے والے پیرانامل تفتیش کار ڈین رویرا 13 جولائی 2025 کو ایک ہوٹل کے کمرے میں بے ہوش پائے گئے، جہاں اُن کے ساتھیوں نے انہیں فوری طور پر سی پی آر دینے کی کوشش کی، مگر وہ جاںبر نہ ہوسکے۔
رویرا نیو انگلینڈ سوسائٹی فار سائیکک ریسرچ (NESPR) کے مرکزی محقق تھے اور “ڈیولز آن دی رن ٹور” کے سلسلے میں علاقے میں موجود تھے، جس میں مشہور ’اینایبل‘ ڈول کو بھی پیش کیا جاتا تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق اُن کے کمرے میں کسی مشتبہ سرگرمی کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے، جس کی رپورٹ 60 سے 90 دن میں متوقع ہے۔
نیو انگلینڈ سوسائٹی فار سائیکک ریسرچ نے رویرا کی موت کو ایک “گہرا صدمہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ دہائی سے نہ صرف ٹیم کا اہم حصہ تھے بلکہ ایک وفادار اور مخلص دوست بھی تھے۔
یاد رہے کہ رویرا حالیہ مہینوں میں ٹک ٹاک پر اپنی ویڈیوز کے ذریعے نوجوانوں میں خاصے مقبول ہو گئے تھے اور اُن کے دورے اکثر مکمل طور پر فروخت ہو جاتے تھے، جیسا کہ گیٹس برگ میں 1,200 سے زائد ٹکٹ فروخت ہوئے۔
شیطانی طاقتوں والی اینابیل پر یقین رکھنے والوں میں رویرا کی موت کو لے کر تشویش پائی جارہی ہے اور ان کا یہ ماننا ہے کہ ان کی اچانک اور اس پراسرار موت کے پیچھے اینابیل کی ہی ہاتھ ہے کیونکہ رویرا ان دنوں اینابیل سمیت دیگر خوفناک چیزوں پر ہی ریسرچ کر رہے تھے۔