پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے تاریخی سنگ میل عبور کرلیا، انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر

کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے انڈیکس کی نئی بلندی کا ریکارڈ بنا لیا۔

کاروباری ہفتے کے آخری دن بازارِ حصص میں مارکیٹ کا آغاز 1773 پوائنٹس کی زبردست تیزی کے ساتھ ہوا، جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 40 ہزار 439 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سرمایہ کاروں کے مارکیٹ پر اعتماد کے نتیجے میں سودوں کی ریکارڈ خرید و فروخت ہوئی، جس کے سبب انڈیکس ایک لاکھ 38 ہزار کی بلند ترین سطح کو چھو گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایکس میں حالیہ تیزی کی وجہ پالیسی استحکام، معاشی اشاریوں میں بہتری اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑھتا ہوا اعتماد ہے۔ مارکیٹ کی موجودہ رفتار دیکھتے ہوئے یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انڈیکس مزید بلندیوں کو چھو سکتا ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز پر بازار حصص میں ریکارڈ سازتیزی کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج کا تاریخی سطح عبور کرناکاروباری برادری کے اعتماد کا مظہر ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا حالیہ مثبت معاشی اعشاریے حکومتی پالیسیوں کی سمت درست ہونے کے عکاس ہیں، ملک میں کاروبار دوست ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، حکومت ملکی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں