ٹڈاپ میگا کرپشن کیس: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی تمام مقدمات سے بری

کراچی:ٹڈاپ میگا کرپشن کیس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو عدالت نے تمام مقدمات سے بری کردیا۔
ز رائع کے مطابق کراچی کی وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیر اعظم اور موجودہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان (ٹڈاپ) کے میگا کرپشن کیسز سے مکمل طور پر بری کر دیا۔

عدالت نے اس سلسلے میں درج 14 باقی ماندہ مقدمات میں بھی انہیں باعزت بری کرتے ہوئے کیس کے دیگر تمام ملزمان کو بھی الزام سے مبرا قرار دے دیا۔

سماعت کے موقع پر یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں جج نے ریمارکس دیے کہ تمام کیسز کا الگ الگ جائزہ لیا گیا، ہر فریق کو مکمل طور پر سنا گیا اور جو فائلیں ہائیکورٹ سے موصول ہوئیں، ان پر بھی فیصلہ صادر کیا جا رہا ہے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معروف قانون دان فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ ایف آئی اے نے 2013 اور 2014 میں یوسف رضا گیلانی کے خلاف کل 26 مقدمات درج کیے تھے، جن میں ایک ہی نوعیت کا الزام تھا۔ ٹڈاپ سبسڈی کے لیے مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے لینے کا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ تمام کیسز ایک مخصوص شخص کی شکایت پر بنائے گئے تھے اور گیلانی صاحب کو 10 مقدمات میں ضمانت لینے کے باوجود مفرور قرار دیا گیا۔

فاروق نائیک کا کہنا تھا کہ عدالت نے آج کے فیصلے میں مکمل انصاف کیا اور تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے گیلانی صاحب کو بری کر دیا۔ انہوں نے جج کے فیصلے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے جھوٹے مقدمات کے خلاف ایک بڑی قانونی فتح قرار دیا۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ان پر سیاسی بنیادوں پر جھوٹے الزامات لگائے گئے تھے، لیکن اللہ کا شکر ہے کہ آج وہ مکمل طور پر ان مقدمات سے بری ہو گئے ہیں۔

انہوں نے اپنے وکیل فاروق نائیک کی قانونی مہارت کو سراہا اور کہا کہ قانون سازی کی اشد ضرورت ہے تاکہ جن کیسز کا فیصلہ نہ ہو، وہ لٹکے نہ رہیں بلکہ منطقی انجام تک پہنچیں۔

یاد رہے کہ ٹڈاپ کرپشن کیسز کی ابتدائی تحقیقات 2009 میں شروع ہوئی تھیں، جب کہ مقدمات کا اندراج ایف آئی اے نے 2013 میں کیا۔ 2015 میں یوسف رضا گیلانی کو ان مقدمات کے حتمی چالان میں باقاعدہ ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ گیلانی صاحب پہلے ہی 12 مقدمات سے بری ہو چکے تھے، جس کے بعد آج باقی تمام 14 کیسز بھی ختم کر دیے گئے۔ اس طرح 26 کے 26 مقدمات کا باب ہمیشہ کے لیے بند ہو گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں